سردی کی شدت سے متعلق محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

سردی کی شدت سے متعلق  محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

شہر قائد میں سردی کی شدت میں کمی کے بعد محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق رواں ماہ کراچی میں سردی کی کسی نئی لہر کے آنے کا امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم ہوا میں نمی کے زیادہ تناسب کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، جس سے حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی۔ گلشنِ معمار، ملیر، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں حدِ نگاہ انتہائی کم ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران شہر کا موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہے گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث دھند کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب ملک کے دیگر حصوں میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11، گوپس میں منفی 9، استور اور گلگت میں منفی 8 جبکہ بگروٹ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات میں منفی 2، کوئٹہ میں منفی 1، اسلام آباد میں 1، پشاور میں 2 اور لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: روس: ماسکو میں برفباری نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے، برف کے ڈھیر لگ گئے

چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے بتایا کہ آئندہ روز بھی کراچی میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے اوقات میں یہی دھند اسموگ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق رواں ماہ کے دوران شہر میں کسی نئی سرد لہر کی توقع نہیں اور اوسط درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا حصہ ہے، جس کے باعث موسم کے انداز میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *