پنجاب کے سرکاری و نجی سکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات سے متعلق صوبائی حکومت نے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ چھٹیوں میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور تعلیمی ادارے آئندہ ہفتے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
یاد رہے کہ 10 جنوری کو صوبے بھر کے سکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کی گئی تھی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تعطیلات میں یہ توسیع سردی کی شدت کے پیش نظر کی گئی تھی، تاہم اب حالات کے جائزے کے بعد مزید چھٹیوں کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پولز کے نتائج، محکمہ ماحولیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو اعتماد میں لے کر کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے تمام ضروری امور کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ موسم سرما کی شدت کا آغاز، بارش، پہاڑوں پر برفباری، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی جاری
دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بروقت اقدامات کیے جائیں گے، تاہم موجودہ حالات میں سکولوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق کھولا جائے گا۔

