نئی دہلی سے نیویارک کے لیے روانہ ہونے والی ایئر انڈیا کی ایک بین الاقوامی پرواز ایک مرتبہ پھر سنگین حفاظتی غفلت کی نذر ہو گئی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں مسافروں کی جان خطرے میں پڑ گئی،بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر بس اے350 طیارہ نیویارک کے لیے اڑان بھرنے سے قبل رن وے کی جانب ٹیکسی کر رہا تھا کہ اسی دوران طیارے کے انجن کو نقصان پہنچنے کا واقعہ پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ایئرپورٹ پر زمینی عملے کی مبینہ نااہلی کے باعث پیش آیا جب ایک مسافر کا بیگ لوڈنگ کے دوران بے احتیاطی سے طیارے کے انجن میں جا گرا، بیگ انجن سے ٹکرانے کے باعث انجن کے حساس حصے کو نقصان پہنچا، جسے فوری طور پر نوٹس میں لیا گیا۔
خوش قسمتی سے یہ واقعہ ٹیک آف سے پہلے پیش آ گیا، ورنہ دورانِ پرواز کسی بڑے حادثے کا خدشہ موجود تھا واقعے کے فوراً بعد کپتان نے احتیاطی تدابیر کے تحت طیارے کو روکنے کا فیصلہ کیا اور کنٹرول ٹاور کو صورتِ حال سے آگاہ کیا۔
ایئرپورٹ حکام اور تکنیکی عملے نے فوری معائنہ کیا، جس میں انجن کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق ہوئی حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئر بس اے350 کو گراؤنڈ کر دیا گیا اور پرواز منسوخ یا مؤخر کر دی گئی۔
اس اچانک فیصلے کے باعث طیارے میں سوار سینکڑوں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کئی مسافر گھنٹوں ایئرپورٹ پر انتظار کرتے رہے جبکہ بعض کو متبادل پروازوں پر منتقل کیا گیا۔
مسافروں نے ایئر انڈیا کے عملے کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غفلت ناقابلِ قبول ہے، خاص طور پر بین الاقوامی طویل پروازوں میں جہاں معمولی غلطی بھی بڑے سانحے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔