نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سفارتکاری کا مطلب یہی ہے کہ پاکستان کے امریکا اور چین دونوں کے ساتھ بہترین اور متوازن تعلقات قائم ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کی جانب سے نیویارک میں عرب، اسلامی اور یورپی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا ہے، اور چین نے پاکستان کی پالیسی کی کھل کر توثیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی ہمیشہ قائم رہنے والی ہے اور ملک کو تمام بڑی طاقتوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وہ آج واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطین کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی جس میں سلامتی کونسل میں اصلاحات، مقبوضہ جموں و کشمیر، افغانستان اور فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی،اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کو سراہا۔