بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانے والا جعلی پائلٹ کیسے بے نقاب ہوا ؟ تحقیقات میں حیران کن انکشاف

بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانے والا جعلی پائلٹ  کیسے بے نقاب ہوا ؟ تحقیقات میں حیران کن انکشاف

فضائی دنیا میں سامنے آنے والا یہ انکشاف کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ ایک ایسا پائلٹ جو مبینہ طور پر 16 سال تک بغیر درست لائسنس کے نہ صرف ایئر لائن میں خدمات انجام دیتا رہا بلکہ 900 سے زائد ملکی و بین الاقوامی پروازیں بھی کامیابی سے مکمل کرتا رہا، آخرکار ایک معمولی سی جانچ پڑتال کے بعد بے نقاب ہو گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایئر لائن کے ریکارڈ ڈیپارٹمنٹ میں معمول کی کریڈینشل آڈٹ جاری تھی۔ اسی دوران پائلٹ کی اسناد اور لائسنس سے متعلق کچھ ایسی بے ضابطگیاں سامنے آئیں جنہوں نے انتظامیہ کو فوری طور پر شک میں ڈال دیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جس نے 16 سال پر محیط ایک مبینہ دھوکے کا پردہ چاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق مزید تصدیق کے لیے جب بین الاقوامی ریگولیٹری ڈیٹا بیس اور لائسنس ریکارڈز کو کراس چیک کیا گیا تو حیران کن طور پر پائلٹ کے لائسنس کی قانونی حیثیت مشکوک نکلی۔ اس انکشاف کے بعد متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس نے فراڈ، جعلسازی اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب ایئر کینیڈا نے بھی تصدیق کی ہے کہ الزامات سامنے آنے کے بعد پائلٹ کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا اور کیس کو ریگولیٹری حکام کے سپرد کر دیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :فضائی دنیا کا انوکھا اسکینڈل، بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانے والا پائلٹ گرفتار

ایئر لائن کے مطابق ابتدائی ریکارڈ سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ پائلٹ نے مختلف تربیتی کورسز اور مہارت کے امتحانات پاس کیے تھے تاہم اصل لائسنس کی قانونی حیثیت اب مکمل تحقیقات کا حصہ ہے۔

ماہرین کے مطابق “پروجیکٹ آئیکارس” کے تحت جاری یہ انکوائری اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ اتنے طویل عرصے تک یہ مبینہ جعلسازی ایوی ایشن سسٹم، ریگولیٹری اداروں اور سکیورٹی چیک پوائنٹس سے کیسے اوجھل رہی۔

الزامات ثابت ہو گئے تو یہ واقعہ عالمی ہوا بازی کی تاریخ کے سب سے بڑے اور خطرناک اسکینڈلز میں شمار کیا جائے گا، جس کے اثرات پورے ریگولیٹری نظام پر پڑ سکتے ہیں۔

editor

Related Articles