فضائی دنیا کا انوکھا اسکینڈل، بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانے والا پائلٹ گرفتار

فضائی دنیا کا انوکھا اسکینڈل، بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانے والا پائلٹ گرفتار

کینیڈا کی فضائی صنعت میں یران کن اور غیر معمولی انکشاف نے لاکھوں مسافروں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔معروف فضائی کمپنی ایئر کینیڈا کے ایک سابق کپتان کو تقریباً 17 سال تک مبینہ طور پر مطلوبہ اعلیٰ پائلٹ لائسنس کے بغیر سینکڑوں پروازیں اڑانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف فضائی سلامتی بلکہ عوامی اعتماد کے حوالے سے بھی انتہائی تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کی پیل ریجنل پولیس نے چار ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد 59 سالہ جیفری وال کے خلاف دھوکہ دہی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ تحقیقات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جیفری وال نے 2009 سے 2025 تک جعلی یا غلط دستاویزات کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ حیثیت برقرار رکھی اور اس دوران 900 سے زائد ملکی و بین الاقوامی پروازیں چلائیں۔

 یہ بھی پڑھیں :بھارت کی عالمی سطح پر رسوائی مقدر بن گئی، ایئر انڈیا کا پائلٹ کینیڈا میں گرفتار

پولیس کے مطابق ملزم کے پاس عام تجارتی پائلٹ لائسنس تو موجود تھا تاہم وہ ’’ایئر لائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس‘‘ سے محروم تھا، جو بڑے مسافر بردار طیاروں کی کپتانی کے لیے لازمی قانونی شرط سمجھی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی ریٹائرمنٹ تک فضائی حکام اور کمپنی کو مبینہ طور پر گمراہ کیے رکھا اور اپنے کاغذات سے متعلق غلط معلومات فراہم کرتا رہا۔

پیل ریجنل پولیس کے سربراہ نے اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو یہ لاکھوں مسافروں کے اعتماد اور فضائی سلامتی کے نظام کے لیے ایک بڑا دھچکا ہوگا۔ ان کے مطابق 900 سے زائد پروازوں میں مسافروں کی جانیں ممکنہ طور پر خطرے میں ڈالی گئیں۔

دوسری جانب ایئر کینیڈا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جیسے ہی معاملے کا علم ہو متعلقہ پائلٹ کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا اور کیس خود حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مذکورہ پائلٹ تمام لازمی تربیتی مراحل اور سالانہ جانچ میں کامیاب ہوتا رہا جس سے اس کی پرواز چلانے کی عملی صلاحیت پر سوالات نہیں اٹھے۔ تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں جبکہ ماہرین اسے عالمی فضائی تاریخ کے نایاب ترین مقدمات میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔

editor

Related Articles