نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں خطے میں امن و استحکام، سفارتی کوششوں اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن قائم رکھنے کی کوششوں پر گفتگو کی، اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے حالیہ کامیاب دورۂ چین کا بھی ذکر کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کی علامت قرار دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے پچھتر برس مکمل ہونے پر دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر نیویارک میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے میں بھی شرکت کی۔