لاہور میں بسنت کے روایتی جشن کے موقع پر شہریوں کو ایک ساتھ چار روزہ تعطیلات ملنے کا امکان ہے، جس سے نہ صرف عوام کو تفریح کا موقع میسر آئے گا بلکہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ بھی نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات 5 فروری کو یومِ کشمیر کی سرکاری تعطیل پہلے سے ہی طے شدہ ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی معمول کے مطابق ہوں گی، اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کے روز اضافی تعطیل کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کی منظوری کی صورت میں لاہور میں مسلسل چار دن کی تعطیلات ہو جائیں گی۔
انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چار روزہ تعطیلات کے باعث شہر میں ٹریفک کا دباؤ معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تعداد میں کمی متوقع ہے جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ خاص طور پر کاروباری علاقوں اور مرکزی شاہراہوں پر رش کم رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بسنت کے جشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق 6، 7 اور 8 فروری کو شہر کے مختلف علاقوں میں بسنت کی تقریبات منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ روایتی طور پر بسنت کے موقع پر پتنگ بازی، ثقافتی سرگرمیوں اور نجی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس کے لیے شہریوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جشن کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس حوالے سے بسنت کے دنوں میں اضافی ٹریفک پولیس تعینات کرنے اور خصوصی انتظامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید جانیئے: بسنت منانے والوں کے لئے اہم ہدایات جاری

