وفاقی وزیر نے گھریلو گیس صارفین سے متعلق اہم ہدایت جاری کردی

وفاقی وزیر نے گھریلو گیس صارفین سے متعلق اہم ہدایت جاری کردی

ملک بھر میں سردیوں کی شدت میں اضافے کے باعث گھریلو صارفین کو درپیش گیس کی قلت کے مسئلے پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سوئی گیس کمپنیوں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

وزیر نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح سردی کے موسم میں عام شہریوں کو بلا تعطل گیس فراہم کرنا ہے تاکہ وہ گھریلو ضروریات میں مشکلات کا سامنا نہ کریں۔وفاقی وزیر نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ گھریلو صارفین کو فوری ریلیف دینے کے لیے صنعت کے شعبے سے اضافی گیس منتقل کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے۔

اس کے علاوہ گیس کی طلب اور رسد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ پیٹرولیم ڈویژن گیس کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھ سکے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن میں روزانہ صبح 10 بجے گیس کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ پیداوار اور سپلائی کے مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:گیس صارفین کےلئے اہم خبر

سوئی نادرن گیس کمپنی کے مطابق 6 جنوری سے گھریلو صارفین کے لیے گیس سپلائی میں اضافہ کیا گیا ہے اور گھریلو شعبے کو فراہم کی جانے والی گیس کی مقدار 691 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھا کر 746 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے۔ اسی طرح شیوَا فیلڈ کی پیداوار بھی 55 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھا کر 65 ایم ایم سی ایف ڈی ہو گئی ہے۔

دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی گیس سپلائی میں بہتری کی تصدیق کی ہے،کمپنی کے مطابق دو اہم گیس فیلڈز کی بحالی کے بعد گھریلو صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں یومیہ 39 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ صنعت کو گیس کی بندش ایک سے دو دن کرنے کے مختلف آپشنز پر بھی مشاورت جاری ہے تاکہ گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اس موقع پر زور دیا کہ سردیوں کے دوران گیس کی طلب اور رسد کا توازن برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ صنعتی اور گھریلو شعبے کے درمیان توازن بھی برقرار رہے۔

editor

Related Articles