پاکستان میں شعبان المعظم کا چاند کب نظر آئے گا؟، رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کی اہم پیش گوئی

پاکستان میں شعبان المعظم کا چاند کب نظر آئے گا؟، رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کی اہم پیش گوئی

غیر سرکاری تنظیم رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے سائنسی شواہد کی بنیاد پر پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں پیر 19 جنوری 2026 کی شام شعبان المعظم کے چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی، جس کے باعث رجب المرجب کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026ء سے ہوگا۔

رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند اتوار 18 اور پیر 19 جنوری 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:شعبان کا چاند کب نظر آئے گا ؟ سپارکو کی پیشگوئی آگئی

انہوں نے بتایا کہ پیر 19 جنوری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے کسی بھی حصے میں 18 گھنٹوں سے زیادہ نہیں ہوگی، جبکہ سائنسی اصولوں کے مطابق ہلال کی رویت کے لیے چاند کی کم از کم عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی رویت کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا۔ گلگت اور مظفر آباد میں یہ فرق 29 منٹ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور چارسدہ میں 30 منٹ، کوئٹہ میں 31 منٹ جبکہ کراچی اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ 33 منٹ ہوگا، جبکہ ماہرینِ فلکیات کے مطابق ہلال کی رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ کا فرق ہونا ضروری ہے۔

رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ ان سائنسی حقائق کی روشنی میں مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی پیر 19 جنوری 2026ء کی شام نہ ننگی آنکھ سے، نہ دوربین اور نہ ہی جدید ٹیلی سکوپ کے ذریعے ہلال دیکھے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اسی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026 سے ہوگا۔

کونسل کے مطابق چاند کی کم عمر، کم بلندی اور غروبِ شمس و قمر کے درمیان ناکافی وقفہ وہ بنیادی عوامل ہیں جو ہلال کی رویت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فلکیاتی حسابات پہلے سے ہی چاند کی رویت یا عدم رویت کے بارے میں واضح اشارے دے دیتے ہیں، جس سے عوام اور مذہبی حلقے پیشگی تیاری کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:شعبان المعظم کا چاند 30 جنوری 2025 کو دکھائی دے گا، محکمہ موسمیات

تاہم رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ شعبان المعظم کے چاند کے حوالے سے شرعی اور حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی، جس کا فیصلہ ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور شرعی تقاضوں کی روشنی میں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ شعبان المعظم اسلامی سال کا ایک اہم مہینہ ہے، جس کے بعد رمضان المبارک کی آمد ہوتی ہے، اس لیے اس مہینے کے آغاز سے متعلق عوامی دلچسپی غیر معمولی ہوتی ہے۔ مذہبی حلقوں اور شہریوں کی بڑی تعداد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اعلان کی منتظر رہے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *