خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ واقعہ بنوں کے علاقے بکاخیل احمدزئی میں پیش آیا، جہاں مرکزی شاہراہ پر نصب بھاری مقدار میں موجود بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مین روڈ پر ایک ڈرم میں رکھا گیا بارودی مواد برآمد ہوا، جو کسی بڑے دہشت گرد حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق اگر یہ بارودی مواد بروقت ناکارہ نہ بنایا جاتا تو مرکزی شاہراہ پر شدید دھماکے کے نتیجے میں بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ تھا۔ سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی کے باعث نہ صرف مسافروں اور مقامی آبادی کی جانیں محفوظ رہیں بلکہ علاقے کو ممکنہ تباہی سے بھی بچا لیا گیا۔
بارودی مواد ناکارہ بنانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید سرچ آپریشن کیا، تاکہ کسی اور ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے اس نوعیت کی بزدلانہ کارروائیاں دراصل ان کی شکست، مایوسی اور کمزوری کی واضح علامت ہیں۔ یہ عناصر خوف و ہراس پھیلا کر امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز اورعوام کے باہمی تعاون سے ان کے تمام عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز کی قربانیاں اور مستعدی ہی امن کی بحالی کی ضمانت ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کے باوجود عوام کا حوصلہ بلند ہے اور وہ ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شا اللہ، عوامی تعاون اور ریاستی عزم کے ذریعے فتنہ الخوارج جیسے فتنہ پرور گروہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔