پاکستان میں شعبان المعظم 1447 ہجری کے چاند کے حوالے سے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی ابتدائی فلکیاتی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔
ادارے کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 19 جنوری 2026ء کو رات 12 بج کر 52 منٹ (پی ایس ٹی) پر پیدا ہونے کا امکان ہے۔
سپارکو کے مطابق 19 جنوری 2026ء کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 17 گھنٹے اور 36 منٹ ہوگی، جو عام طور پر واضح رویت کے لیے ناکافی سمجھی جاتی ہے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ خاص طور پر پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان وقفہ تقریباً 33 منٹ متوقع ہے۔
ان فلکیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین کا خیال ہے کہ اس روز چاند کو عام آنکھ سے دیکھنا مشکل ہوگا، جس کے باعث یکم شعبان 20 جنوری 2026ء کو ہونے کا امکان کم ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سپارکو نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ فلکیاتی حسابات اہم رہنمائی فراہم کرتے ہیں، تاہم اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان ہی کرے گی، کمیٹی ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں کی روشنی میں فیصلہ کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال شعبان المعظم کے چاند کی رویت رمضان المبارک کی تیاریوں کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ ماہِ رمضان المبارک سے پہلے آتا ہے، اور بہت سے لوگ اس دوران عبادات اور روحانی تیاری کا خاص اہتمام کرتے ہیں۔