سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، بی ایل اے کے 5 دہشتگرد ہلاک

سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، بی ایل اے کے 5 دہشتگرد ہلاک

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان نے ضلع مستونگ کے حساس علاقے دشت میں ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ایک بڑے تخریبی منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ سبی شاہراہ کو بلاک کرنے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز اور شہری ٹریفک کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے  جس سے علاقے میں بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ تھا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ محکمے کو قابلِ اعتماد خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے وابستہ مسلح افراد مستونگ کے علاقے دشت میں موجود ہیں اور اہم شاہراہ پر ناکہ بندی کے ذریعے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کوئٹہ کی خصوصی ٹیموں کو الرٹ کیا گیا، جنہوں نے فوری طور پر متعلقہ علاقے میں پہنچ کر نگرانی اور پوزیشننگ کا عمل شروع کیا۔

یہ بھی پڑھیں :بھارتی حمایت یافتہ بی ایل اے کا ایک اور جھوٹ بے نقاب،خاران میں معمولات زندگی رواں دواں

ترجمان کے مطابق جیسے ہی دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی محسوس کی، انہوں نے بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد  شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔ مقابلے کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی دشوار گزار اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جس میں پانچ سب مشین گنز بمعہ گولہ بارود، سات دستی بم اور تین موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشت گرد کسی بڑے حملے کی تیاری میں تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری اور ان کے سہولت کاروں تک پہنچنے کے لیے علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے، جبکہ باقی نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے مختلف مقامات پر مزید کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا، اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *