ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت پہلی بار 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت پہلی بار 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے بعد پاکستان  کی سونے کی مارکیٹ میں بھی تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک دن کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت پہلی بار 5 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

 اس اچانک اضافے نے جہاں سرمایہ کاروں اور مارکیٹ میں خاصی ہلچل مچادی ہے وہیں عوام کی تشویش اور پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج (بدھ کے روز)  فی تولہ سونا 12 ہزار 700 روپے مہنگا ہوا ہے جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے ہو گئی جو کہ پاکستانی سونے کی مارکیٹ کی تاریخ میں ایک دن میں ہونیوالا سب سے بڑا اضافہ ہے ۔

اسی دوران 10 گرام سونے کی قیمت بھی تاریخ میں پہلی بار سوا 4 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی،  آج 10 گرام سونا 10 ہزار 888 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں آسمان پر، تمام ریکارڈ توڑ دیئے

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جیو پولیٹیکل کشیدگی اور مختلف ممالک کے سینٹرل بینکوں کی پالیسیوں نے سونے  اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 127 ڈالر بڑھ کر 4,840 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 64 روپے اضافے کے بعد 9,933 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

 اسی طرح امریکا میں فروری ڈیلیوری کے لیے گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا اور یہ تقریباً 4 ہزار 813 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتی رہیں۔

سونے اور چاندی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر مارکیٹ میں طلب بڑھانے کا باعث بن رہی ہیں ، یہ اضافہ نہ صرف ملکی مارکیٹ بلکہ عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی بڑھتی ہوئی طلب اور سرمایہ کاری کے رجحان کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *