عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں آسمان پر، تمام ریکارڈ توڑ دیئے

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں آسمان پر، تمام ریکارڈ توڑ دیئے

عالمی منڈیوں میں جاری سیاسی تناؤ اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے اثرات سونے کی قیمتوں پر واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں،اور اس کی قیمتون نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

بدھ کے روز بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جہاں کاروبار کے دوران اسپاٹ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور یہ بڑھ کر 4 ہزار 821 ڈالر تک جا پہنچی، جبکہ ٹریڈنگ کے ایک مرحلے پر قیمت 4 ہزار 843 ڈالر کی ریکارڈ سطح کو بھی چھو گئی۔

 اسی طرح امریکا میں فروری ڈیلیوری کے لیے گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا اور یہ تقریباً 4 ہزار 813 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتی رہیں۔

ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی جانب رجحان میں تیزی کی بنیادی وجہ اسے ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جانا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی سیاست اور معیشت دباؤ کا شکار ہو۔

 امریکی ڈالر کی قدر میں کمزوری نے بھی سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا ہے، کیونکہ ڈالر کمزور ہونے پر سونا دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ پرکشش ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  : سونے اور چاندی کی قیمتوں نے سارے عالمی ریکارڈ توڑ دیئے

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یورپی ممالک پر ممکنہ تجارتی محصولات، گرین لینڈ سے متعلق سخت بیانات اور نیٹو اتحادیوں پر تنقید نے عالمی سطح پر بے چینی کو بڑھا دیا ہے۔

ادھر یورپی رہنماؤں نے امریکی بیانات پر سخت ردعمل دیا جبکہ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے واضح کیا کہ یورپ دباؤ کی سیاست قبول نہیں کرے گا، ان عوامل کے باعث سرمایہ کار امریکی ڈالر اور طویل مدتی بانڈز سے نکل کر سونے کی جانب رخ کر رہے ہیں۔

اسی دوران ڈالر یورو اور سوئس فرانک کے مقابلے میں حالیہ ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب رہا، جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مسلسل تیسرے روز بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا، جو عالمی مالیاتی منڈیوں میں پھیلی بے یقینی کی عکاسی کرتا ہے۔

editor

Related Articles