مفت تعلیم کا موقع ، روس نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے دروازے کھول دیے

مفت تعلیم کا موقع ، روس نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے دروازے کھول دیے

مہنگی فیسوں اور محدود اسکالرشپ مواقع کے باعث بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنا اکثر پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک مشکل خواب بن چکا ہے، تاہم حالیہ پیش رفت نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی امید پیدا کر دی ہے۔

روس میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے ایک ایسا تعلیمی موقع متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت مکمل طور پر مفت تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔

پاکستان میں قائم روسی سفارت خانے کے مطابق روس کی معروف جامعہ پیپلز فرینڈشپ یونیورسٹی (RUDN University) نے ایک بین الاقوامی اوپن اولمپیاڈ کے لیے آن لائن اندراج کا آغاز کر دیا ہے، جس میں پاکستانی شہری بھی حصہ لینے کے اہل ہیں،  اس کا مقصد باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

یہ موقع خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے جو مالی رکاوٹوں کے باعث بیرونِ ملک تعلیم کے خواب کو ترک کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں،  پروگرام میں وہ طلبہ شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے ہائی اسکول مکمل کر لیا ہو، کالج کی تعلیم ختم کر چکے ہوں یا کسی یونیورسٹی کے آخری سال میں زیرِ تعلیم ہوں۔

اولمپیاڈ کے ذریعے امیدواروں کو اپنی تعلیمی قابلیت آن لائن جانچنے کا موقع ملے گا،  نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو روسی حکومت کے تعلیمی کوٹے کے تحت RUDN یونیورسٹی میں مکمل طور پر مفت تعلیم دی جائے گی۔

ٹیسٹ میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والوں کے تمام تعلیمی اخراجات ریاست برداشت کرے گی، جبکہ دیگر امیدواروں کو فیس میں خاطر خواہ رعایت یا دستیاب کوٹے کی صورت میں مکمل اسکالرشپ بھی مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : برطانیہ میں تعلیم کا خواب اب ہوا آسان، پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خبر آگئی

درخواست کے عمل کے لیے امیدواروں کو آن لائن رجسٹریشن کے دوران پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ، تعلیمی دستاویزات، سرٹیفکیٹس اور گزشتہ تعلیمی نتائج اپ لوڈ کرنا ہوں گے۔

ابتدائی مرحلے میں ایک آن لائن تحریری امتحان لیا جائے گا، جس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو بعد ازاں انفرادی انٹرویو کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

RUDN یونیورسٹی روس کے معتبر تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے، جہاں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں،  یونیورسٹی میں میڈیکل سائنسز، انجینیئرنگ، سماجی علوم اور جدید ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعلیم دی جاتی ہے، جس کی بدولت یہ ادارہ عالمی سطح پر پہچان رکھتا ہے۔

ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے پروگرام نہ صرف پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعلقات کو فروغ دیتے ہیں بلکہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور روشن مستقبل کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں، خاص طور پر ایسے دور میں جب نوجوان نسل عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے لیے نئے راستے تلاش کر رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *