پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ انتقال کر گئے

پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ انتقال کر گئے

پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ میجر ریٹائرڈ راجہ نادر پرویز انتقال کر گئے، ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کو ایک منجھے ہوئے سیاستدان، تجربہ کار پارلیمنٹرین اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما کے طور پر جانا جاتا تھا۔

راجہ نادر پرویز نے قومی سیاست میں ایک طویل اور متحرک کردار ادا کیا اور وہ 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے چار مرتبہ فیصل آباد جبکہ ایک مرتبہ راولپنڈی سے کامیابی حاصل کر کے پارلیمان میں عوامی مسائل کی بھرپور نمائندگی کی اور اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے سہیل آفریدی سے متعلق علیمہ خان کواہم پیغام دے دیا

اپنے سیاسی کیریئر کے دوران راجہ نادر پرویز نے مختلف سیاسی جماعتوں اور اتحادوں میں خدمات انجام دیں جن میں مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور اسلامی جمہوری اتحاد شامل ہیں۔ مختلف ادوار میں سیاسی وابستگیوں کے باوجود وہ پارلیمانی روایات، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کے لیے جانے جاتے رہے۔

وہ وفاقی حکومت میں اہم ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہے، بطور وفاقی وزیر داخلہ انہوں نے داخلی سلامتی اور انتظامی امور میں کردار ادا کیا جبکہ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ ان کے دورِ وزارت میں توانائی اور امن و امان سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے جو طویل عرصے تک زیر بحث رہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا اہم فیصلہ، تنخوا دار طبقہ کے لیے بڑی خوشخبری

راجہ نادر پرویز کا تعلق فوجی پس منظر سے تھا اور میجر کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا۔ ان کی شخصیت میں نظم و ضبط، برداشت اور معاملہ فہمی نمایاں خصوصیات سمجھی جاتی تھیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف سیاسی جماعتوں میں رہتے ہوئے بھی ایک معتدل اور سنجیدہ سیاستدان کے طور پر پہچانے گئے۔

ان کی وفات پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، پارلیمنٹرینز، سماجی شخصیات اور عوامی نمائندوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی سیاسی خدمات، عوامی وابستگی اور جمہوری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی ہے۔

Related Articles