پاکستان کی اہم کامیابی، بھارت اور اسرائیل کو ٹیکنالوجی کے محاذ پر بڑی شکست

پاکستان کی اہم کامیابی، بھارت اور اسرائیل کو ٹیکنالوجی کے محاذ پر بڑی شکست

پاکستان نے سائبر سیکیورٹی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے بھارت اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے سائبر حملوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے جدید حفاظتی نظام تیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس نئے اینٹی وائرس اور حفاظتی نظام کو سرکاری اداروں کے کمپیوٹروں پر نصب بھی کر دیا گیا ہے تاکہ حساس معلومات اور سرکاری ڈیٹا کو ہیکنگ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈ پوائنٹ ڈیٹیکشن اینڈ رسپانس پر مبنی یہ جدید اینٹی وائرس نظام سائبر حملوں کی بروقت نشاندہی کرنے اور انہیں فوری طور پر ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس نظام کا بنیادی مقصد سرکاری کمپیوٹر نیٹ ورک کو ہیکنگ، ڈیٹا چوری اور دیگر سائبر خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں پاکستانی ٹیلنٹ کے چرچے: سائبر سیکیورٹی اور اے آئی کے شعبوں میں پاکستانی پروفیشنلز کو اولین ترجیح

رپورٹ کے مطابق یہ نظام کمپیوٹر نیٹ ورک میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر شناخت کر لیتا ہے اور ممکنہ سائبر حملے کو روکنے کے لیے خودکار حفاظتی اقدامات بھی کرتا ہے۔ اس طرح نہ صرف ہیکرز کے حملوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے بلکہ حساس سرکاری معلومات کو بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  یہ حفاظتی نظام ملکی ماہرین کی مدد سے تیار کیا گیا ہے اور اس کی تنصیب کا عمل مختلف سرکاری اداروں میں مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری محکموں کے ڈیجیٹل نظام کو محفوظ بنانے کے لیے یہ اقدام انتہائی اہم ہے کیونکہ سرکاری اداروں میں موجود معلومات قومی سلامتی اور حکومتی امور کے لیے نہایت حساس ہوتی ہیں۔

سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کے مطابق موجودہ دور میں سائبر حملے کسی بھی ملک کی معیشت، سلامتی اور حکومتی نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک اپنے ڈیجیٹل نظام کو محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو ماضی میں بھی متعدد مرتبہ سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں زیادہ تر حملے بھارت اور اسرائیل سے کیے گئے۔ ان حملوں کا مقصد سرکاری ویب سائٹس کو ہیک کرنا، حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنا اور حکومتی نظام کو نقصان پہنچانا تھا۔

اسی پس منظر میں حکومت نے سائبر سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ نیا حفاظتی نظام متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کی مدد سے نہ صرف سائبر حملوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی بلکہ ان کے اثرات کو بھی کم سے کم کیا جا سکے گا۔

مزید پڑھیں:جدید سائبر سیکیورٹی تربیت کا فروغ : پاکستان کے پہلےبَگ باؤنٹی چیلنج 2026 کا آغاز

حکام کے مطابق مستقبل میں اس نظام کو مزید بہتر بنانے اور دیگر سرکاری و اہم اداروں میں بھی نافذ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ملک کے ڈیجیٹل ڈھانچے کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کی سائبر سیکیورٹی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور دشمن عناصر کی جانب سے کیے جانے والے سائبر حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے گا۔ ساتھ ہی یہ اقدام ملکی ڈیجیٹل خود مختاری اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *