نادرا نے عوام کے لیے بڑی سہولت متعارف کرادی

نادرا نے عوام کے لیے بڑی سہولت متعارف کرادی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت، سکیورٹی اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن میں ایک اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے۔.

پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن 5.4.2 جاری کر دیا گیا ہے جس کی نمایاں خصوصیت ویریفیکیشن ہسٹری ہے اس فیچر کے ذریعے شہری پہلی بار یہ جان سکیں گے کہ ان کے شناختی کارڈ یا دیگر ذاتی دستاویزات کہاں، کب اور کس ادارے یا فرد نے تصدیق کے لیے استعمال کیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں شناختی معلومات کے تحفظ اور غلط استعمال کی روک تھام انتہائی ضروری ہو چکی ہے۔
اسی ضرورت کے پیش نظر ویریفیکیشن ہسٹری کا فیچر شامل کیا گیا ہے تاکہ شہری اپنی معلومات پر مکمل نظر رکھ سکیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری نشاندہی کر سکیں۔

ترجمان کے مطابق اس فیچر کا استعمال نہایت آسان ہے، صارفین کو سب سے پہلے پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ ان کرنا ہوگا، جس کے بعد مین اسکرین پر اوپر بائیں جانب موجود منیوپر کلک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :نادراکا شہریوں کیلئے بڑا اقدام، ایک اور اہم سہولت متعارف کروا دی

یہاں اب  ویری فکیشن ہسٹری کے نام سے نیا ٹیب شامل کر دیا گیا ہے، جہاں شناختی معلومات کے استعمال کی تفصیلات مختلف زمروں میں دیکھی جا سکتی ہیں۔
ویریفیکیشن ہسٹری کے آل شیئرڈ ٹیب میں ان تمام اداروں یا افراد کی فہرست موجود ہوگی جنہوں نے ڈیجیٹل کیو آر کوڈ، فنگر پرنٹس، فیشل ویریفیکیشن یا سی این آئی سی نمبر کے ذریعے شہری کی معلومات کی تصدیق کی۔ ہر انٹری کے ساتھ موجود + کے نشان پر کلک کر کے مزید تفصیلات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

اسی طرح ڈیجیٹل کیو آر ٹیب میں وہ اندراجات دکھائے جائیں گے جہاں کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق کی گئی، جبکہ  فنگر پرنٹس سیکشن میں ان اداروں کے نام درج ہوں گے جنہوں نے انگلیوں کے نشانات استعمال کیے۔   ٹیب چہرے کی تصویر کے ذریعے ہونے والی تصدیق کی تفصیل فراہم کرے گا، جبکہ  سی این آئی سی سیکشن میں صرف شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ہونے والی ویریفیکیشنز کا ریکارڈ موجود ہوگا۔

نادرا کا کہنا ہے کہ یہ فیچر نہ صرف شہریوں کے اعتماد کو مضبوط کرے گا بلکہ شناختی معلومات کے غیر مجاز استعمال کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ادارے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی پاک آئی ڈی ایپ کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں یا اگر ایپ انسٹال نہیں کی تو اسے ڈاؤن لوڈ کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *