نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہریوں کی مشکلات میں نمایاں کمی لانے کے لیے ایک اور اہم سہولت متعارف کرا دی ہے،نجی ٹی وی کے مطابق اس نئی سہولت کے تحت اب شہریوں کو شناختی کارڈ یا دیگر سرکاری دستاویزات کی درخواست جمع کرانے کے بعد اس کی پیش رفت جاننے کے لیے نادرا کے دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
نادرا پاکستان میں شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر اہم شناختی دستاویزات فراہم کرنے کا واحد مجاز ادارہ ہے، جو مسلسل عوامی سہولت کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے،ماضی میں صورتحال یہ تھی کہ شہری درخواست جمع کرانے کے بعد اپنی دستاویز حاصل کرنے کے لیے کئی مرتبہ نادرا آفس جاتے تھے، جہاں اکثر اوقات دستاویز تیار نہ ہونے یا درخواست میں کسی کمی کی وجہ سے انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
اب نادرا نے اس مسئلے کا حل نکالتے ہوئے درخواستوں کی آن لائن اور موبائل ٹریکنگ کی سہولت فراہم کر دی ہے، اس سہولت کے ذریعے شہری گھر بیٹھے یہ جان سکتے ہیں کہ ان کی شناختی دستاویز کس مرحلے میں ہے اور کب تک تیار ہو سکتی ہے، اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ دفاتر پر رش میں بھی واضح کمی آئے گی۔
نادرا کے مطابق درخواست گزار پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواست کا اسٹیٹس باآسانی معلوم کر سکتے ہیں، اس مقصد کے لیے ایپ میں موجود ٹریکنگ کے ٹیب میں جا کر درخواست جمع کراتے وقت دی گئی سلپ پر درج ٹریکنگ آئی ڈی اور کوڈ درج کرنا ہوگا، جس کے بعد درخواست کی مکمل تفصیلات اسکرین پر ظاہر ہو جائیں گی۔
اس کے علاوہ وہ شہری جو موبائل ایپ استعمال نہیں کرتے، ان کے لیے بھی متبادل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں، موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین 1777 پر کال کر کے یا 8400 پر اپنی ٹریکنگ آئی ڈی ایس ایم ایس کے ذریعے بھی درخواست کا اسٹیٹس معلوم کر سکتے ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق اس سہولت کا مقصد عوام کو آسان، شفاف اور جدید خدمات فراہم کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،نادرا کا یہ قدم ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ملک اور بیرونِ ملک مقیم لاکھوں پاکستانی مستفید ہوں گے۔