خیبرپختونخوا حکومت کے بعد حکومتِ بلوچستان نے بھی یومِ عاشورہ کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر کے تمام سرکاری دفاتر خودمختار ادارے اور صوبائی محکمے بند رہیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ محرم الحرام کے تقدس مذہبی عقیدت اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عاشورہ کے ایام میں تمام متعلقہ ادارے سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دیتے رہیں گے جبکہ سرکاری ملازمین کو تعطیلات دی جائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت بھی عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر چکی ہے۔ کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اور 26 جون کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عاشورہ کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم موبائل فون سروس معمول کے مطابق بحال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی سہولت جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔