محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے جبکہ کشمیر میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ( منگل ) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دوپہر کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بدھ کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دوپہر کے وقت چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں آج گرم موسم رہے گا جبکہ دوپہر کے وقت جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی آئندہ دو روز گرم اور خشک موسم متوقع ہے ، آج وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ، لاہور، قصور، فیصل آباد اور ساہیوال میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بدھ کو مری، گلیات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، فیصل آباد اور خانیوال میں بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی اضلاع بشمول دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور پارا چنار میں منگل کے روز چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں دونوں روز موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز سندھ کے بالائی و وسطی اضلاع اور بلوچستان کے وسطی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کشمیر میں منگل اور بدھ کو جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود اور خشک موسم متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ باجوڑ کے پاشات میں 27 ملی میٹر، خار میں 14 ملی میٹر اور دیر میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسلام آباد کے گولڑہ کے علاقے میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔