آزاد جموں و کشمیر کے علاقے وادی لیپہ میں شدید برفباری کے باعث زمینی رابطے منقطع ہو گئے لیکن پاک فوج نے بروقت ہیلی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے ذریعے متاثرہ علاقے میں انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
برفباری کے دوران ایک مریضہ طبی پیچیدگی کی شکار تھی جسے فوری اور محفوظ انداز میں ہیلی ایمرجنسی سہولت کے ذریعے راولپنڈی ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہیلی ریسکیو آپریشن کی منصوبہ بندی سے لے کر ہیلی پیڈ کی تیاری، راستوں کی بحالی اور بروقت فضائی منتقلی تک ہر مرحلہ اعلیٰ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر رہا۔
پاک فوج نے اس آپریشن کے دوران ثابت کیا کہ وہ ہر طرح کے حالات میں انسانی جانوں کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرتی ہے۔
ایسے آپریشنز نہ صرف انسانی خدمت کا عکاس ہیں بلکہ پاک فوج کی بروقت فیصلہ سازی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تربیت یافتہ عملے کی مہارت کا بھی منہ بولتا ثبوت ہیں۔
مقامی آبادی نے پاک فوج کی اس کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام نےان کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے لوگوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بروقت اقدامات اور عوامی خدمت کے جذبے نے مشکل ترین حالات میں بھی زندگیاں بچانے اور انسانی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ آپریشن نہ صرف ایک ہیلی ریسکیو کی کامیاب مثال ہے بلکہ وادی لیپہ جیسے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے پاک فوج کی مسلسل تیاری اور انتظامات کا بھی ثبوت ہے،پاک فوج نے اس بات کو بھی واضح کیا ہے کہ سخت موسمی حالات میں بھی وہ عوامی خدمت اور انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قسم کے خطرات مول لینے کے لیے پرعزم ہے۔