وزیراعظم ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت اب تمام شہری بآسانی یہ جان سکتے ہیں کہ آیا وہ اس سہولت کے تحت علاج کے اہل ہیں یا نہیں۔ اہلیت جانچنے کے لیے شہری اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر (CNIC) ایس ایم ایس کے ذریعے 8500 پر بھیج سکتے ہیں، جبکہ اس کے علاوہ سرکاری ویب سائٹ پر جا کر بھی CNIC درج کر کے اہلیت معلوم کی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت ملک بھر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پروگرام میں شامل اسپتالوں کی مکمل فہرست سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں شہری تفصیل کے ساتھ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اہلیت کے معیار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سب سے اہم شرط یہ ہے کہ درخواست گزار کا تعلق کم آمدنی والے خاندان سے ہو اور اس کا قومی شناختی کارڈ نادرا میں رجسٹرڈ ہو۔ پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین اور بیرونِ ملک رہائش رکھنے والے افراد عام طور پر اہل قرار نہیں دیے جاتے۔ تاہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مستحق افراد کو خودکار طور پر وزیراعظم ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو سالانہ 50 ہزار روپے تک ثانوی علاج اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک تیسرے درجے کے علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ منتخب اسپتالوں میں علاج کی سہولت مفت دستیاب ہو گی، جبکہ مریض کو علاج کے دوران 350 روپے تک کا سفری الاؤنس بھی دیا جائے گا۔
درخواست دینے کے لیے درکار دستاویزات میں اصل قومی شناختی کارڈ، ہیلتھ کارڈ (اگر پہلے سے موجود ہو) اور بچوں کے لیے ب فارم یا نکاح نامہ شامل ہیں۔ پروگرام کے تحت اہل مریض علاج کی مجموعی لاگت کا صرف 50 فیصد ادا کریں گے، جبکہ باقی 50 فیصد پنجاب حکومت کی جانب سے برداشت کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق وزیراعظم ہیلتھ کارڈ پروگرام کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو معیاری طبی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا اور صحت کے اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے۔