حکومت نے نجی اسکولوں پر بڑی پابندی عائد کردی

حکومت نے نجی اسکولوں پر بڑی پابندی عائد کردی

صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں رہائشی اور کمرشل سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایسے کسی بھی استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول کی عمارتیں صرف اور صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں، جبکہ اسکولوں کے اندر رہائش اختیار کرنا یا دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل سرگرمیاں چلانا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ’نجی سکولوں میں رہائشی یا کمرشل استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں، اسکول بچوں کی تعلیم اور حفاظت کے لیے مخصوص ہوتے ہیں‘۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سکول میں دکان، گودام، دفتر یا رہائشی یونٹ قائم کرنا نہ صرف قواعد کے خلاف ہے بلکہ طلبہ کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سینیٹر رانا ثنا اللہ کے وادی تیراہ سے متعلق اہم انکشافات

محکمہ تعلیم سندھ نے اس صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں کی انسپکشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق تمام اسکولوں کو اپنی عمارتوں کا اسٹرکچرل فٹنس سرٹیفکیٹ متعلقہ اداروں سے حاصل کر کے جمع کروانا ہوگا۔ خستہ حال، غیر محفوظ یا خطرناک عمارتوں میں قائم سکولوں کو فوری طور پر خالی کرانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر کسی اسکول نے پابندی کی خلاف ورزی کی تو اس کی رجسٹریشن معطل یا مکمل طور پر منسوخ کی جا سکتی ہے‘۔ اس کے علاوہ غیر تعلیمی یا کمرشل سرگرمی پائے جانے کی صورت میں اسکول کو سیل کرنے کا اختیار بھی استعمال کیا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اس بات کی مکمل ذمہ دار ہوگی کہ عمارت محفوظ ہو اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ محکمہ تعلیم نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ ’سکول کے اندر کسی بھی حادثے کی صورت میں تمام تر قانونی اور اخلاقی ذمہ داری سکول انتظامیہ پر عائد ہوگی‘۔

مزید پڑھیں:بھارت میں طیارے گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا، ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار 4 افراد کریش لینڈنگ میں ہلاک

محکمہ تعلیم کے مطابق ان اقدامات کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور عملے کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور تعلیمی اداروں کو ان کے اصل مقصد تک محدود رکھنا ہے۔ حکام نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے سکولوں میں سہولیات اور عمارت کی حالت پر نظر رکھیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *