بھارتی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بدھ کی صبح ایک نجی طیارے کے حادثے میں 4 دیگر افراد کے ساتھ ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق طیارہ پونے ضلع کے بارامتی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے مطابق، وی ایس آر ایوی ایشن کے زیرِ انتظام لیئر جیٹ 45 طیارہ، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-SSK تھا، صبح تقریباً 8.45 بجے حادثے کا شکار ہوا۔ ڈی جی سی اے کے ایک سینیئر افسر نے تصدیق کی کہ طیارے میں عملے سمیت 5 افراد سوار تھے اور کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔
ڈی جی سی اے کے افسر نے کہا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار طیارے میں سوار تھے، ان کے ساتھ 2 دیگر اہلکار، ایک ذاتی سیکیورٹی افسر اور ایک معاون اور 2 عملے کے ارکان (پائلٹ اِن کمانڈ اور فرسٹ آفیسر) موجود تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے میں سوار کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 66 سالہ اجیت پوار بدھ کو پونے ضلع میں جاری ضلع پریشد انتخابات کے سلسلے میں متعدد انتخابی ریلیوں سے خطاب کرنے والے تھے۔ منگل کو وہ ممبئی میں تھے، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی صدارت میں مہاراشٹر کابینہ کمیٹی برائے انفراسٹرکچر کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
ریاستی حکومت کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے فون پر بات کر کے صورتحال کی جانکاری لی۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے سینیئر راہنما اور حکام پوار کی رہائش گاہ پر جمع ہونا شروع ہو گئے۔
این سی پی کی رکن پارلیمان اور اجیت پوار کی کزن سپریا سولے ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی مہاراشٹر کے لیے روانہ ہو گئیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کی رکن پارلیمان پریانکا چترویدی نے اس واقعے کو ‘حیران کن، تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والا’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجیت پوار ایک پُرعزم راہنما تھے جنہوں نے بارامتی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمان اروند ساونت نے بھی تعزیت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک جری رہنما قرار دیا جن کی خدمات خطے کے لیے نمایاں رہیں۔
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اس حادثے کو ’ناقابلِ تلافی نقصان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجیت پوار نہ صرف مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ تھے بلکہ ملک کی سیاست کی ایک نمایاں شخصیت بھی تھے۔
ریسکیو اور تفتیشی ٹیموں کو جائے حادثہ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی سی اے نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔