تنخواہ بھی بھاری اور سفر بھی سرکاری جہاز میں, اپوزیشن لیڈر کی مراعات سامنے آ گئیں

تنخواہ بھی بھاری اور سفر بھی سرکاری جہاز میں, اپوزیشن لیڈر کی مراعات سامنے آ گئیں

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کو حاصل تنخواہوں اور سرکاری مراعات سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اپوزیشن قیادت کو دی جانے والی سہولتوں کی مکمل تفصیل سامنے آ گئی ہے۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ میں علامہ راجہ ناصر عباس کو قائدِ حزبِ اختلاف مقرر کیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی میں یہ عہدہ محمود خان اچکزئی کے پاس ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ایوانوں میں قائدِ حزبِ اختلاف کو تنخواہ اور مراعات کے حوالے سے وہی حیثیت حاصل ہوتی ہے جو ایک وفاقی وزیر کو دی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قائدِ حزبِ اختلاف کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر ہے، جبکہ اس کے ساتھ 22 ہزار روپے ماہانہ یوٹیلیٹی الاؤنس بھی دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر کو سرکاری رہائش اور سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، تاکہ وہ اپنی آئینی اور پارلیمانی ذمہ داریاں بہتر طور پر ادا کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن لیڈر سے متعلق پی ٹی آئی کا اہم خط منظر عام پر آگیا

فافن نے انکشاف کیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کو مکمل طور پر فرنشڈ سرکاری رہائش الاٹ کی جاتی ہے، تاہم اگر کوئی اپوزیشن لیڈر سرکاری رہائش استعمال نہ کرے تو اسے ایک لاکھ تین ہزار 125 روپے ماہانہ ہاؤس رینٹ الاؤنس دیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو دستیابی کی صورت میں پاکستان ایئر فورس کے طیارے، سرکاری ہیلی کاپٹر یا دیگر سرکاری فضائی سہولتیں استعمال کرنے کی اجازت بھی حاصل ہوتی ہے۔

پس منظر کے طور پر فافن نے یاد دلایا ہے کہ پاکستان کے پارلیمانی نظام میں قائدِ حزبِ اختلاف کو ایک آئینی حیثیت حاصل ہے۔ یہ عہدہ نہ صرف قانون سازی میں حکومت پر نظر رکھنے بلکہ اہم آئینی تقرریوں، پارلیمانی کمیٹیوں اور احتسابی عمل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اسی وجہ سے ماضی میں بھی اس عہدے کو وفاقی وزیر کے برابر مراعات دی جاتی رہی ہیں۔

فافن کا کہنا ہے کہ ایسی رپورٹس کا مقصد عوام کو منتخب نمائندوں کی مراعات سے آگاہ کرنا اور نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے، تاکہ جمہوری عمل پر عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *