اپوزیشن لیڈر سے متعلق پی ٹی آئی کا اہم خط منظر عام پر آگیا

اپوزیشن لیڈر  سے متعلق پی ٹی آئی کا اہم خط منظر عام پر آگیا

سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری سے متعلق معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے باضابطہ طور پر چیئرمین سینیٹ کو خط ارسال کر دیا ہے۔ یہ خط پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر کی جانب سے لکھا گیا ہے، جس میں قائدِ حزبِ اختلاف کی فوری تقرری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے سینیٹر راجہ ناصر عباس کو قائدِ حزبِ اختلاف نامزد کر رکھا ہے، تاہم تاحال ان کی تقرری عمل میں نہیں لائی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی عدم تقرری سینیٹ قواعد اور جمہوری روایات کے خلاف ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق قائدِ حزبِ اختلاف کے بغیر ایوان بالا ادارہ جاتی طور پر نامکمل ہے، جبکہ اپوزیشن کی مؤثر عدم موجودگی کے باعث پارلیمانی نگرانی اور حکومتی جوابدہی کا عمل شدید متاثر ہو رہا ہے۔ خط میں اس تاخیر کو جمہوری اقدار کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے سینیٹ قواعد 2012 کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری فوری طور پر عمل میں لائی جائے اور راجہ ناصر عباس کو باضابطہ طور پر اس عہدے پر مقرر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف اب پی ٹی ایم 2 بن چکی ہے، لیگی رہنما ارباب خضر حیات

خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری پارلیمانی جمہوریت کے مفاد میں ناگزیر ہے۔ پی ٹی آئی نے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری فیصلہ کریں تاکہ ایوان کی آئینی اور جمہوری حیثیت بحال ہو سکے۔

Related Articles