گاڑیوں کی خریدو فروخت کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے حکومتِ پنجاب نے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نادرا ٹیکنالوجیز کے اشتراک سے ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت گاڑیوں کی بائیو میٹرک تصدیق اب مکمل طور پر آن لائن ممکن ہو سکے گی۔
نئے نظام کے تحت گاڑیوں کی آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کے لیے پاک آئی ڈی کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا ہے، اس سہولت کی بدولت شہری اب گھر بیٹھے صرف ایک کلک کے ذریعے اپنی گاڑی کی بائیو میٹرک تصدیق کروا سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
ایکسائز حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل اقدام کا مقصد گاڑیوں کی منتقلی کے عمل کو نہ صرف تیز بنانا ہے بلکہ جعل سازی اور غیر قانونی ٹرانسفر کے امکانات کو بھی کم کرنا ہے، پاک آئی ڈی کے ذریعے شناخت کی تصدیق نادرا کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگی، جس سے نظام مزید محفوظ اور قابلِ اعتماد بن جائے گا۔
آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کی یہ سہولت صرف مقامی شہریوں تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اوورسیز پاکستانی بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب گاڑیوں کی خریدو فروخت کے لیے دستی حلف نامے، پاور آف اٹارنی یا سفارت خانوں کے چکر لگانے کے بجائے پاک آئی ڈی کے ذریعے آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل نظام سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ سرکاری محکموں میں شفافیت بھی بڑھے گی، شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں مزید سرکاری خدمات بھی اسی طرز پر ڈیجیٹل کر دی جائیں گی۔