لیسکو نے کروڑوں روپے کے ڈیمانڈ نوٹسز جمع کروانے والوں کو چار ماہ بعد کنکشن دینے کا فیصلہ کر لیا۔
گزشتہ برس ستمبر میں جمع کروائے گئے ڈیمانڈ نوٹسز پر بالآخر سنگل فیز بجلی میٹرز کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، لیسکو ذرائع کے مطابق اگست میں میٹرز کے سٹاک کی عدم دستیابی کے باعث سنگل فیز کنکشنز کی فراہمی عارضی طور پر روک دی گئی تھی، تاہم اب میٹرز کی دستیابی کے بعد اگست، ستمبر اور اکتوبر میں جمع ہونے والے تمام ڈیمانڈ نوٹسز پر مرحلہ وار میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
لیسکو میں کنکشن کے حصول کے لیے پینتیس ہزار سے زائد صارفین نے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا رکھے تھے، جن کی مد میں صارفین کی جانب سے تقریباً پچیس کروڑ روپے کی رقم پہلے ہی جمع کروائی جا چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے پاس سٹیٹک سنگل فیز میٹرز کا سٹاک مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا، جس کے باعث نئے کنکشنز کی فراہمی روکنا پڑی، اس صورتحال کے پیش نظر کمپنی نے نومبر میں اپنی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے سٹیٹک میٹرز کے بجائے اے ایم آئی اسمارٹ سنگل فیز میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔
نئی پالیسی کے تحت اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے نہ صرف بجلی کے استعمال کی مانیٹرنگ بہتر ہوگی بلکہ ریکوری سسٹم میں بھی شفافیت آئے گی۔
لیسکو حکام کے مطابق اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جو بجلی کی چوری کی روک تھام اور بلنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کنکشنز کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے فیلڈ اسٹاف کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ طویل عرصے سے انتظار کرنے والے صارفین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔