ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نےپاسپورٹ اجرا کے جدید مانیٹرنگ سسٹم شکرا کو مکمل طور پر فعال کر دیا ہے، جس کے مثبت نتائج فوری طور پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے باعث پاسپورٹ افسران کی کارکردگی، پاسپورٹس کی تیاری اور پرنٹنگ میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پاسپورٹ کی ترسیل کا وقت بھی نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس کے مطابق افسران کی کارکردگی کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے اور “شُکرا” سسٹم کے ذریعے دنیا بھر میں پاسپورٹ دفاتر کی سخت نگرانی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ یہ نظام وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات پر متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد مؤثر نگرانی اور خود احتسابی کو فروغ دینا ہے۔
اس سے قبل محکمہ پاسپورٹس نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں شہریوں کو آن لائن پاسپورٹ تجدید کے لیے سرکاری ویب پورٹل پرجانے کی ہدایت کی تھی
ویڈیو کے مطابق جن صارفین کا پہلے سے اکاؤنٹ موجود ہے وہ لاگ اِن بٹن پر کلک کریں، جبکہ نئے صارفین کو رجسٹریشن کے لیے اپنی درست موبائل نمبر اور ای میل فراہم کرنا ہوگا۔ فارم جمع کروانے کے بعد صارف کو ای میل کے ذریعے تصدیقی لنک موصول ہوگا، جس پر کلک کرنے اور کوڈ درج کرنے کے بعد رجسٹریشن مکمل ہو جائے گی۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ آن لائن تجدید صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب پاسپورٹ کی مدت ایک سال سے کم رہ گئی ہو۔ نام، پیشہ یا دیگر بڑی تبدیلیاں آن لائن ممکن نہیں ہوں گی۔ شہری اپنی سہولت کے لیے قریبی پاسپورٹ آفس بھی منتخب کر سکتے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر غیر ضروری سفر سے بچا جا سکے۔ ویڈیو میں آن لائن درخواست دینے والے مرد و خواتین کے لیے تصویر کے تقاضے بھی واضح کیے گئے ہیں