پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ 29 جنوری کو بلوچستان میں 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک کارروائی ہرنائی ضلع کے نواحی علاقے میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر کے موقع پر تلف کردیا گیا۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا جس میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کردیا گیا اور فتنہ الہندوستان کے 11 ہندوستانی سپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد ماضی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔