قومی کرکٹر بابر اعظم نے ہوم انٹرنیشنل میچوں کی سنچری مکمل کرکے ایک اور منفرد سنگ میل عبور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بابراعظم نے اپنا 100 واں ہوم انٹرنیشنل میچ کھیلا جس سے متعلق ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں اپنے کیریئر کا 100 واں میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔
شائقین سے متعلق بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ مجھے پورے ملک میں بے مثال سپورٹ ملتی ہے، صرف لاہور نہیں بلکہ ہر شہر اور ہر اسٹیڈیم میں شائقین نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور یہی سپورٹ مزید بہتر کھیلنے کی ترغیب دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر یادگار اننگز کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور دیگر وینیوز پر کھیلی گئی ٹیسٹ اننگز میرے لیے بہت خاص اور ہر وینیو کی اپنی یادیں ہیں، اس لیے ہر اننگز ان کے دل کے قریب ہے۔
اپنے ابتدائی سفر کو یاد کرتے ہوئے بابراعظم نے بتایا کہ 2006 یا 2007 میں بطور بال پکر اسٹیڈیم میں موجود تھا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ دیکھا تھا جبکہ آج اسی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ہوم سنچری میچ کھیلنا کسی خواب سے کم نہیں، اصل طاقت شائقین کرکٹ ہیں، اسٹیڈیم کے اندر، باہر اور سوشل میڈیا پر ملنے والی محبت میرے دل کے بہت قریب اور میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ اپنی پرفارمنس سے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹ لا سکوں۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم کو مبراکباد دیتے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کے سامنے کھیلنا ہمیشہ ایک خاص لمحہ ہوتا ہے تاہم یہ دن اس لیے مزید یادگار ہے کہ بابراعظم پاکستان میں ہی اپنے کیریئر کا 100واں میچ کھیل رہے ہیں، انہوں نے پاکستان کرکٹ کیلیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور پوری ٹیم اس خوشی کے موقع پر ان کے ساتھ شریک ہے جو شائقین کرکٹ کے لیے بھی باعث فخر ہے۔