وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشتگرد حملوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، اعلیٰ حکومتی اور عسکری قیادت نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندانہ کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے زخمی اہلکاروں سے انفرادی طور پر ملاقات کی، ان کے علاج معالجے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں اور ڈاکٹروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
’آپ نے شیروں کی طرح مقابلہ کیا‘، وفاقی وزیر داخلہ
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے شیروں کی طرح دہشتگردوں کے حملوں کا مقابلہ کیا اور ان کی سازشوں کو ناکام بنایا‘، انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کو مکمل حکومتی حمایت حاصل ہے۔
بلوچستان میں عدم استحکام کی سازش ناکام، وزیراعلیٰ کا خراجِ تحسین
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زخمی اہلکاروں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ناکام بنانے پر آپ کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں‘، انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ ہمارے شیر ہیں اور پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے‘۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ دہشتگرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
زخمی اہلکاروں کا عزم، صحتیاب ہو کر دوبارہ محاذ پر واپسی کا اعلان
اس موقع پر زخمی پولیس اہلکاروں نے قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم صحتیاب ہو کر دوبارہ اس فتنے کے خلاف لڑیں گے‘، انہوں نے کہا کہ ’ہمارے جذبے بلند اور عزم پختہ ہیں‘۔
زخمی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ’ہم نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو نیست و نابود کرنا ہے‘، انہوں نے مزید کہا کہ ’فتنہ الہندوستان کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہماری اور ہمارے بچوں کی جانیں بھی حاضر ہیں‘۔
قوم کی دعائیں اور حمایت پولیس کے ساتھ
حکومتی اور عسکری قیادت نے زخمی اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے حوصلے کی بھی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ ریاست پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، قیادت کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان میں پائیدار امن ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔