بلوچستان کے علاقے خاران شہر میں اتوار کی صبح سیکیورٹی فورسز نے الرٹ کوئیک رسپانس یونٹ کی مؤثر اور بروقت کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشتگردوں کو نشانہ بنا کر ان کا مکمل صفایا کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کے فرار کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خاران شہر کے ایک حساس علاقے میں واقع عمارت کے اندر دہشتگرد چھپے ہوئے تھے اور موقع ملتے ہی فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فوری کارروائی کی اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت مسدود کر کے ان کا مکمل صفایا کر دیا۔
فرار کی کوشش ناکام، علاقے کو کلیئر کر دیا گیا
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے فرار کی کوشش کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مختصر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، کارروائی کے فوراً بعد پورے علاقے کو کلیئر کر دیا گیا تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
تلاشی کے دوران آئی ای ڈی برآمد، بڑا سانحہ ٹل گیا
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید تلاشی اور سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران اسی مقام سے ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ، آئی ای ڈی، بھی برآمد ہوئی، سیکیورٹی حکام کے مطابق اگر یہ آئی ای ڈی بروقت برآمد نہ کی جاتی تو خاران شہر میں ایک بڑے جانی نقصان کا خدشہ موجود تھا۔
برآمد ہونے والی آئی ای ڈی کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔
عوام کا تحفظ اولین ترجیح، سیکیورٹی حکام
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری ہیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق خاران سمیت صوبے کے دیگر حساس علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت الرٹ ہیں۔