بلوچستان میں بی ایل اے کی تاریخی درگت بنانے میں جہاں سکیورٹی فورسز کی جانفشانی اور بروقت کارروائی اہم کردار ادا کر رہی تھی، وہیں مقامی عوام نے بھی بی ایل اے کے خلاف بھرپور مدد فراہم کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مقامی افراد نے دہشت گردوں کی ہر نقل و حرکت کی فوری اطلاع سکیورٹی فورسز کو فراہم کی، جس کی بدولت دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی اور ان کی منصوبہ بندی پر شدید دھچکا لگا۔
ایک حالیہ وڈیو جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی لوگ بی ایل اے کے خلاف کس شدت سے نفرت رکھتے ہیں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ان کی مدد کتنی مؤثر رہی۔ وڈیو میں آپریشن کے دوران مقامی افراد کی شراکت اور بروقت معلومات فراہم کرنے کے مناظر واضح طور پر دکھائے گئے ہیں۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی عوام کی شراکت نے نہ صرف بی ایل اے کے منصوبوں کو ناکام بنایا بلکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بھی مستحکم کرنے میں مدد فراہم کی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسی طرح سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ علاقے میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
یہ کارروائی بی ایل اے کے خلاف بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جاری مہم کا حصہ ہے، جس میں گزشتہ دنوں کئی حملے ناکام بنائے گئے اور متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔