لیبیا کےعرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور پاکستان و لیبیا کے درمیان دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان موجود مضبوط مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، جدید کاری کے جاری عمل، کثیر الجہتی صلاحیتوں کی ترقی اور ادارے میں خودانحصاری، جدت اور انسانی وسائل کی ترقی پر دی جانے والی خصوصی توجہ سے بھی آگاہ کیا۔
ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ، لیبیائی فضائیہ کے ساتھ پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر لیبیائی وفد کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت پاک فضائیہ کے خودانحصاری پر مبنی مختلف منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں ان اقدامات کی نوعیت اور ان کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی، جن کا مقصد فضائی شعبے میں مقامی صلاحیتوں کا فروغ ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کا بھرپور اعتراف کیا۔ انہوں نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔