انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جعفری شمس الدین کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے حالیہ صدارتی دورۂ انڈونیشیا کے تناظر میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی ایک بار پھر توثیق کی گئی اور فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان صلاحیت سازی، تربیت، تکنیکی اشتراک اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے انڈونیشی وفد کو پاکستان ایئر فورس کی جاری جدیدکاری کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تربیتی نظام میں اصلاحات، جدید تقاضوں کے مطابق نصاب کی بہتری اور جدید و خصوصی صلاحیتوں کی شمولیت شامل ہے،انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان ایئر فورس کثیر الجہتی آپریشنز کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کے وژن کے تحت اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ جنگی تیاری اور مقامی سطح پر دفاعی پیداوار کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔
انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت ہونے والی پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی خودانحصاری کی جانب ایک مضبوط قدم ہیں
اس موقع پر انہوں نے تربیت، ہوا بازی اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اسے مسلسل رابطوں، اعلیٰ سطحی تبادلوں اور بامقصد مکالمے کے ذریعے مزید مضبوط کیا جائے گا۔