وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق شہر بھر میں دکانوں اور مارکیٹس کو مقررہ وقت پر بند کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے،یہ اقدام توانائی کے استعمال میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بعض اہم سہولیات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ان میں میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس، گیس اسٹیشنز اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں شامل ہیں، جو عوامی سہولت کے پیش نظر معمول کے مطابق کھلی رہ سکیں گی۔
ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کھانے پینے کے مراکز، تندور، کریانہ اسٹورز اور سبزی و فروٹ کی دکانوں کو رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ان کے لیے بھی مقررہ وقت کی پابندی ضروری ہوگی، جبکہ کھانا ساتھ لے جانے اور گھروں تک پہنچانے کی سہولت بدستور جاری رہے گی۔
اسی طرح شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کھیلوں کی سہولیات، کلبز اور جمنازیمز کو رات 8 بجے بند کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ احکامات 16 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے اور تاحکم ثانی جاری رہیں گے، ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور کاروباری طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ توانائی کی بچت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔