متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے قرض کو صرف ایک ماہ کے لیے رول اوور کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قرض کی میچورٹی جنوری میں مکمل ہو چکی تھی جس کے بعد فروری تک عارضی توسیع دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات سے دوبارہ ایک سال کے لیے قرض رول اوور کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی گئی ہے، جس پر وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی یو اے ای حکام سے مشاورت جاری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو 2ارب ڈالر سے زیادہ قرضہ میں ریلیف اور اضافی ایک ارب ڈالر فراہم کرنے کے فیصلے سے ہمیں معاشی مشکلات سے نکلنے میں مدد ملے گی۔
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان کا پاکستان کو 2ارب ڈالر سے زیادہ قرضہ میں ریلیف اور اضافی ایک ارب ڈالر فراہم کرنے کے فیصلے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
یہ تعاون ہمیں معاشی مشکلات سے نکلنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے حسن سلوک سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔