لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ بسنت منانے کے حوالے سے اہم احکامات جاری کرتے ہوئے ریڈ زون میں واقع تمام پارکس میں میڈیکل سہولت کیمپس قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ بسنت کے موقع پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ احکامات لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک اویس خالد نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے دیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ بسنت فیسٹیول کے دوران متعلقہ سرکاری ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون میں واقع پارکس میں میڈیکل کیمپس کا قیام نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کا بسنت کے متعلق اہم فیصلہ، مزید 4اضلاع کیلئے بڑا حکم جاری
عدالت نے مزید کہا کہ بسنت کے موقع پر پتنگ بازی سے جڑے خطرات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ سب سے مقدم ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی ہے، جبکہ اس دوران متعلقہ اداروں سے عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ شہر بھر میں بسنت منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو بسنت کے موقع پر طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی۔ پتنگ بازی، دھاتی ڈور اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

