مشہور ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک عرف نانی والا کی جانب سے کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے لیے دائر درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے اہم وفاقی اداروں کو نوٹس جاری کر دیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے دونوں ٹک ٹاکرز کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھرایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکلان کے نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔
وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ وہ بیرونِ ملک سفر کر سکیں۔
عدالت نے کیس کی ابتدائی سماعت کے بعد سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ اس کے علاوہ ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ عدالت کے اس اقدام کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا صارفین اور ٹک ٹاکرز کے حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔