انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مردوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل کی تازہ ترین رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں بہتری دکھاتے ہوئے ورلڈ کپ 2026 سے قبل خوش آئند اشارے دیے ہیں۔ اس مثبت پیش رفت کی قیادت اوپنر اور آل راؤنڈر صائم ایوب نے کی، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار سیریز کے بعد ایک بار پھر آئی سی سی ٹی 20 آئی آل راؤنڈرز کی فہرست میں نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے سرکاری بیان میں تصدیق کی کہ صائم ایوب نے حالیہ غیر معمولی کارکردگی کی بدولت زمبابوے کے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ صائم ایوب نے پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ہوم سیریز میں کلین سوئپ کے دوران آل راؤنڈ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
صائم ایوب نے اس سیریز میں مجموعی طور پر 119 رنز اسکور کیے اور تین اہم وکٹیں حاصل کیں، جس نے ان کی رینکنگ میں واپسی کو یقینی بنایا۔ یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک نہایت بروقت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ آئی سی سی مردوں کا ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہونے والا ہے، جہاں پاکستان اپنی دوسری عالمی ٹرافی جیتنے کے خواب کے ساتھ میدان میں اترے گا اور 2009 کے بعد پہلا ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
صائم ایوب واحد پاکستانی کھلاڑی نہیں تھے جنہوں نے تازہ رینکنگ اپ ڈیٹ سے فائدہ اٹھایا۔ پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسپنر ابرار احمد نے ٹی 20 انٹرنیشنل بولرز کی رینکنگ میں دو درجے بہتری کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ وہ اس وقت بھارت کے ورون چکرورتی سے صرف 28 پوائنٹس پیچھے ہیں، جو آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں میں چھ وکٹیں لینے کے بعد بدستور سرفہرست ہیں۔
پاکستان کے ایک اور اسپن آل راؤنڈر محمد نواز نے بھی شاندار ترقی کی۔ سیریز کے آخری میچ میں پانچ وکٹیں لینے کے بعد نواز نے بولرز کی رینکنگ میں آٹھ درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے ساتویں نمبر پر جگہ بنا لی۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں ایک درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔ صائم ایوب نے ٹی 20 انٹرنیشنل بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھ درجے ترقی کر کے مشترکہ طور پر 27ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے 12 درجے بہتری کے بعد 29ویں نمبر پر جگہ بنا لی۔
ٹی 20 انٹرنیشنل بیٹرز کی ٹاپ 10 رینکنگ میں بھی نمایاں رد و بدل دیکھنے میں آیا۔ بھارت کے ابھیشیک شرما نے اپنی برتری برقرار رکھی، جبکہ انگلینڈ کے جوس بٹلر تیسرے، سری لنکا کے پاتھم نسانکا پانچویں، بھارت کے سوریا کمار یادو چھٹے اور نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ نویں نمبر پر آ گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سات مختلف ٹیموں کے بیٹرز اس وقت ٹاپ 11 میں شامل ہیں، جس سے آنے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں مزید تبدیلیوں کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
دیگر نمایاں پیش رفت میں آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین 16 درجے بہتری کے بعد 14ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک 15 درجے اوپر آ کر ٹی 20 انٹرنیشنل بیٹرز کی فہرست میں مشترکہ طور پر 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ رینکنگ میں بہتری نہ صرف ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کمبی نیشن اور حکمت عملی کے لیے بھی مثبت اشارہ ہے۔