دہشت گردی کیخلاف یکجہتی کیلئے چینی سفیر کی وزارت داخلہ آمد، انسدادِ دہشتگردی پالیسی کی تعریف

دہشت گردی کیخلاف یکجہتی کیلئے چینی سفیر کی وزارت داخلہ آمد، انسدادِ دہشتگردی پالیسی کی تعریف

چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، داخلی سلامتی اور انسدادِ دہشتگردی کے حوالے سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران چینی سفیر نے بلوچستان میں شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی کی غیر مشروط مذمت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

چینی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چین مضبوطی سے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی ایک منظم اور طے شدہ منصوبے کے تحت کی گئی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کیں۔ انہوں نے چینی سفیر کو بلوچستان میں جاری سیکیورٹی آپریشنز، چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت حکومتِ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو دشمن کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتا اور چینی شہریوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام پر کام جاری ہے، جب کہ انسدادِ دہشتگردی کے مربوط آپریشنز میں جدید چینی ٹیکنالوجی اور سازوسامان مؤثر معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے چینی سفیر کو اپنے حالیہ کامیاب دورۂ چین کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی، داخلی سلامتی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آخر میں چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا، جب کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہر موقع پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری داخلہ اور چینی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *