پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث قیمتی دھاتیں عام شہری کی پہنچ سے مزید دور ہوتی جا رہی ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 5 ہزار 300 روپے کے اضافے کے بعد 5 لاکھ 24 ہزار 762 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 346 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 615 روپے ہو گئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں اضافے کا براہ راست اثر چاندی پر بھی پڑتا ہے، جس کے باعث دونوں دھاتوں کی قیمتیں بیک وقت بڑھ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب افراطِ زر، سیاسی عدم استحکام اور معاشی غیر یقینی صورتحال موجود ہو۔
صدیوں سے سونے کو دولت اور کرنسی کی علامت کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، اور جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں پر اعتماد کھو دیتے ہیں تو وہ سونے کی جانب رجوع کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی سطح پر سونے کی قیمت کو عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کیا جاتا ہے۔