واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر تیار کر لیا ہے جس کے تحت صارفین اب آسانی سے یہ جان سکیں گے کہ ان کے کون سے کانٹیکٹس اس وقت آن لائن موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی ایک ایسے نئے سسٹم پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے چیٹ کھولے بغیر ہی آن لائن افراد کی معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ فی الحال کسی بھی صارف کے آن لائن اسٹیٹس کو دیکھنے کے لیے اس کی چیٹ اوپن کرنا ضروری ہوتا ہے، جہاں نام کے ساتھ “آن لائن” ظاہر ہوتا ہے، جبکہ گروپ چیٹس میں سبز رنگ کا ڈاٹ اسٹیٹس کی نشاندہی کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے جاری بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ نئے فیچر کو فیس بک میسنجرز کے ایکٹیو ٹیب کی طرز پر ڈیزائن کیا جا رہا ہے، تاہم اسے مزید سادہ اور مؤثر بنانے پر کام جاری ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ہونے کے باعث ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک تمام بیٹا صارفین اور بعد ازاں دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا، تاہم توقع ہے کہ اس سے صارفین کو ایک ہی نظر میں آن لائن کانٹیکٹس کی معلومات حاصل کرنے میں بڑی سہولت ملے گی۔