سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بارش کی دعا کے لیے 12 فروری بروز جمعرات کو مملکت بھر میں نمازِ استسقاء ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
شاہی ہدایت کے مطابق عوام کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ رجوع کریں، استغفار کریں اور بارانِ رحمت کے حصول کے لیے اجتماعی دعا کا اہتمام کریں۔
سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ سمیت سعودی عرب کی بارہ ہزار سے زائد مساجد میں نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں ائمہ کرام بارش، مغفرت اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ توبہ و استغفار کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے امید وابستہ رکھیں، کیونکہ بارش برسانا اور زمین کو زندگی عطا کرنا صرف اسی کے اختیار میں ہے۔
مملکت بھر میں نمازِ استسقاء کے اجتماعات کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ لاکھوں افراد مساجد میں جمع ہو کر بارگاہِ الٰہی میں گڑگڑا کر بارانِ رحمت کی دعا کریں گے۔