پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 18 فروری کو پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کریں گے، جس میں ماہ رمضان المبارک 1447ھ کے چاند کی رویت کا فیصلہ اور اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران شریک ہوں گے جبکہ وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان سے ڈائریکٹر جنرل حافظ عبدالقدوس، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان، محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین بھی شرکت کریں گے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے تمام اہلیان پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں۔
دریں اثنا سپارکو کی جانب سے بھی رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی سامنے آگئی۔
ترجمان سپارکو نے واضح کیا کہ سائنسی اعداد و شمار کی روشنی میں یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اور شرعی اعلان رویت ہلال کمیٹی پاکستان کرے گی۔