ملک میں سونے کی قیمتوں میں جمعہ کے روز کمی ریکارڈ کی گئی۔مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 8 ہزار 600 روپے کمی کے بعد 5 لاکھ 19 ہزار 962 روپے پر آ گیا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 7 ہزار 373 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 45 ہزار 783 روپے میں فروخت ہوا۔ یہ نرخ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے۔
گزشتہ روز جمعرات کو فی تولہ سونا 2 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 46 ہزار 862 روپے تک پہنچ گیا تھا، تاہم عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ بھی دباؤ کا شکار رہی۔
بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمت 86 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 972 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جس میں 20 ڈالر اضافی پریمیم بھی شامل ہے۔
ادھر چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور فی تولہ چاندی 501 روپے سستی ہو کر 8 ہزار 324 روپے کی سطح پر آ گئی۔