وزیراعلی پنجاب نے رمضان المبارک کے موقع پر مالی مشکلات کا شکار خاندانوں کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کر دیا ہے۔
’’مریم کو بتائیں ہیلپ لائن 1000‘‘ یکم رمضان المبارک سے باقاعدہ طور پر فعال ہوگی، جس کے ذریعے مستحق افراد 10 ہزار روپے تک فوری مالی امداد حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق اس پروگرام کا مقصد مہنگائی اور معاشی دباؤ کے شکار افراد کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ رمضان کے بابرکت مہینے میں اپنی بنیادی ضروریات باعزت طریقے سے پوری کر سکیں۔
اس اسکیم کے تحت شہری 24 گھنٹے ہیلپ لائن 1000 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا سرکاری ویب پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
درخواست دینے کا طریقہ کار نہایت آسان رکھا گیا ہے، مستحق افراد کو صرف اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا، جس کے بعد ان کی معلومات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید لائیو ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ تمام درخواستوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا اور مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی نافذ ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ درخواست گزاروں کو 24 گھنٹوں کے اندر 10 ہزار روپے تک کی رقم ٹرانسفر کر دی جائے گی، اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کوئی بھی مستحق خاندان حکومتی وسائل تک رسائی سے محروم نہ رہے۔
یہ پروگرام شفافیت، رفتار اور آسانی کے اصولوں پر مبنی ہے، تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت اور باعزت مالی مدد فراہم کی جا سکے، رمضان المبارک میں یہ اقدام ہزاروں خاندانوں کے لیے ریلیف کا باعث بن سکتا ہے۔